راولپنڈی: آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت قائم خصوصی عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔سائفر کیس کی آج منگل کے روز سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی جس کے بعد عدالت نے فرد جرم کی کارروائی اگلی سماعت تک مقرر کردی۔ کیس کی آخری سماعت 9 اکتوبر کو ہوئی تھی جس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو چالان کی نقول فراہم کردی گئیں تھیں اور عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی۔اسٹیٹ پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کی ٹیم بھی تفتیشی افسر کے ہمراہ عدالت آئی۔
سائفر کیس:عمران خان ،شاہ محمود قریشی پر فرد جرم کی کارروائی ملتوی
