کراچی:معروف اداکار اعجاز اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار انہیں ڈاکووں نے انہیں پہچاننے کے بعد ان سے چھینی گئی چیزیں واپس کردی تھیں۔ ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز اسلم نے بتایاکہ عدنان صدیقی کے پہلے ڈرامے عروسہ میں پہلے انہیں پیش کش ہوئی تھی‘ اس وقت تک وہ ماڈلنگ کرتے تھے، جس میں کم وقت لگتا تھا لیکن ڈرامے میں زیادہ وقت لگتا ہے، جس وجہ سے والدین نے انہیں پڑھائی پر توجہ دینے کا کہا۔ ایک سوال کے جواب میں اعجاز اسلم نے بتایا کہ جب وہ ماڈلنگ کیا کرتے تھے تب ہی والدین نے ان کی شادی کروادی تھی تاکہ لڑکا خراب نہ ہوجائے۔اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ لڑکوں کو 25 سے 26 سال کی عمر میں شادی کرلینی چاہیے۔ اعجاز اسلم نے انکشاف کیا کہ ایک بار دو نوجوان ڈاکووں نے پستول کے زور پر ان سے موبائل فون لے لیے لیکن جیسے ہی ڈاکو کی نظر ان پر پڑی تو انہوں نے انہیں پہچان لیا اور کہا کہ ارے اعجاز بھائی آپ۔ اعجاز اسلم نے بتایا کہ ڈاکووں نے ان سے معافی مانگی اور انہیں چھینا ہوا موبائل فون واپس کردیا اور معافی مانگتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ڈاکووں نے پہچان کر لوٹی چیزیں واپس کردیں، اعجاز اسلم
