اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھائی رازق سنجرانی کیخلاف توہین عدالت کیس میں جوائنٹ سیکرٹری پیٹرولیم اور جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے رازق سنجرانی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ وکیل عطا اللہ کنڈی نے اپنے دلائل میں کہا کہ رازق سنجرانی نے بطور سی ای او کمپنی رہائش الاٹمنٹ کی درخواست دی جو منظور ہوئی، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ حکومت کو رہائش کا کرایہ کون ادا کرتا ہے؟ وکیل عطا اللہ کنڈی نے بتایا کہ حکومت کو رہائش کا کرایہ سینداک میٹل کمپنی 2013 سے ادا کررہی ہے۔دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 2013 میں حکومت نے 3 سال کیلئے رہائش رازق سنجرانی کو الاٹ کی، رازق سنجرانی نے اب تک رہائش کیسے اپنے پاس رکھی؟عدالت نے جوائنٹ سیکرٹری پیٹرولیم، جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
2013 میں تین سال کےلئے رہائش الاٹ ہوئی، اب تک کیسے پاس رکھی ؟جواب طلب
