اسلام آباد:پی آئی اے شدیدمالی مشکلات کا شکار تو دوسری افسران پر نوازشات جاری ،یورپ اوربرطانیہ میں پی آئی اے پر پابندی کے باوجود ڈیپوٹیشن پر افسران کی تعیناتی کا انکشاف ہواہے ۔یورپ ،برطانیہ ،امریکہ میں مقامی شہریوں کو بھی نوکری پر رکھاگیاہے ۔ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران اورمقامی ملازمین کو تنخواہ ،الاونسزاوردفاتر کے لیے ماہانہ کڑوروں روپے خرچ کئے جارہے ہیں ،پی آئی اے پرپابندی کے باوجود ڈیپوٹیشن پر افسران کی تعیناتی سوالیہ نشان ہے ،ترجمان سے رابطہ کیاگیامگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
اس خبررساں ادارے کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن شدید مالی مشکلات کا شکارہے اور اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے اور دیگر اخراجات کے لیے وزارت خزانہ سے مدد کی درخواست کررہی ہے مگر دوسری طرف انتظامیہ کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے پی آئی اے میں مالی نظم وضبط کی بھی کمی ہے ۔ سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان کے 24جون 2020 کوبیان کے بعد یورپ ،برطانیہ اور امریکہ نے پاکستانی ائیرلائنز پر پابندی لگادی تھی جس کا اطلاق 3جولائی 2020سے ہوگیاتھا۔
سرکاری دستایزات کے مطابق پی آئی اے نے یورپ ،برطانیہ اورامریکہ میںمقامی شہریوں کو مقامی قوانین کے تحت نوکری پر رکھا تھا وہ ابھی بھی کام کررہے ہیں ۔پورپ ،برطانیہ اورامریکہ میں کل26 مقامی شہریوں پی آئی اے میں کام کررہے ہیں اور9افسران پاکستان سے ڈیپوٹیشن پر تعینات ہیں ۔پی آئی اے کے برطانیہ میں 22مقامی لوگو ں کو نوکری پر رکھا گیاہے ان کا پے سکیل تین ،چار پانچ ،چھ اور سات ہے ۔امریکہ میں ایک مقامی شہری کو جس کا پے سکیل تین ہے رکھاگیاہے۔بھارت میں عرصہ داراز سے پروازیں بند ہیں مگر وہاں بھی دومقامی شہریوں کو نوکری پر رکھا گیاہے اور ان کا پے سکیل تین ہے ۔فرانس میںایک مقامی شہری کورکھاگیاہے جس کو پے سکیل چار ہے ۔ اس کے ساتھ پابندی کے باجود پاکستان سے پی آئی اے کے افسران کو ڈیپوٹیشن پر پورپ اوربرطانیہ میں تین سال کے لیے تعینات کیاگیاہے ۔
فرانس میں دو پاکستانی افسران کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیاگیاہے جن کو پے سکیل چھ اورسات ہے یہ دونوں افسران سال 2022سے فرانس( پیرس) میں تعینات ہیں ۔برطانیہ میں پی آئی اے نے 7ملازمین کو تعینات کیاہے اور ان کے پے سکیل 6سے 9ہیں اور یہ برمنگم ،لندن اورمانچسٹر میں تعینات ہیں ۔
واضح رہے کہ جولائی سال2020سے پی آئی اے پر یورپ ،برطانیہ اور امریکہ میں پابندی ہے اور وہ وہاں آپریٹ نہیں کرسکتی ہے، ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کو کروڑوں روپے ادا کئے جارہے ہیں ۔اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے سے رابطہ کیاگیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
پی آئی اے شدیدمالی مشکلات کا شکار …افسران پر نوازشات جاری
