کولمبو:ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ اتوار کو ہو گا ، دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں دوپہر اڑھائی بجے آر پریماداسا سٹیڈیم ، کولمبو میں پنجہ آزمائی کریں گی ، دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کو ہائی وولٹیج میچ کا بے صبری سے انتظار ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے رائونڈ کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی ، محمد رضوان ، حارث روف ، نسیم شاہ اور امام الحق شامل ہیں۔سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم کا مورال بلند ہے ، بھارتی ٹیم کو جارح مزاج بیٹر روہیت شرما لیڈ کر رہے ہیں اور انہیں ویرات کوہلی ، روندرا جدیجا ، جسپریت بمرا ، ہارڈیک پانڈیا جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔بھارت کو سب سے زیادہ 7 بار ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ پاکستان دو بار ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجا چکا ہے ، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری میچ 14 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، ٹورنامنٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا ۔
ایشیا کپ :پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج مقابلہ کل۔۔میچ اڑھائی بجے شروع ہوگا
