ایمان مزاری کو جوڈیشل کر دیاگیا۔۔درخواست ضمانت پر نوٹسز جاری

eman-mizari-case 29

انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ بہارہ کہوکےمقدمہ میں گرفتار ایمان مزاری ایڈووکیٹ کو جوڈیشل کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیے، سماعت کے دوران ایمان مزاری کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیاگیا، ایمان مزاری کی وکیل زینب جنجوعہ،قیصر امام،پراسیکیوٹر راجہ نوید اور دیگر عدالت پیش ہوئے جبکہ اس موقع پر ایمان مزاری کی والدہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری بھی کمرہ عدالت موجود تھیں،سماعت شروع ہونے پر پراسیکیوٹر کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ایمان مزاری کو جوڈیشل کرنے کا حکم دےدیا۔
دوران سماعت ایمان مزاری کے وکیل قیصر امام نے ایمان مزاری کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کردی، جس پر عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت4 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی، اس موقع پر زینب جنجنوعہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ اس کیس میں بہت وقت ہوچکا ہے استدعا ہے کہ کل کیلئے رکھ لیں، جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ میں پیر کو ضمانت کی درخواست پر دلائل سن لوں گا،علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ جو بچی عدالت میں کھڑی ہے وہ بھی کسی کی بیٹی ہے۔
وکیل حسن پیرزادہ نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈائریکشن ہے کہ انکو اسلام آباد میں ہی رکھنا ہے،جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر سے کہاکہ آپ اس معاملے کو دیکھ لیں، عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی، بعد ازاں عدالتی اجازت سے کمرہ عدالت میں ہی ایمان مزاری کی والدہ شیریں مزاری اور دیگر فیملی ممبران کے علاوہ وکلاء سے ملاقات بھی کرائی گئی، جس کے بعد ایمان مزاری کےوکلاء نے تاریخ تبدیلی کی استدعا کردی۔
زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ نے صدر اسلام آباد بار قیصر امام اور سیکرٹری بار کے ہمراہ عدالتی عملہ سے کہاکہ جج صاحب کو بتائیں، ہم درخواست ضمانت کی تاریخ تبدیل کرنے کی استدعا کرناچاہتے ہیں،جس پر عدالتی عملہ نے بتایا کہ جج صاحب چیمبر میں ہیں ان کو بتاتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست ضمانت کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے سماعت4 ستمبر کی بجائے آج2 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی، قیصر امام ایڈووکیٹ نے کہامک ایمان مزاری کی صحت کہ صورتحال بھی ٹھیک نہیں ہے، جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ ایمان مزاری کو کل تک اسلام آباد کے تھانہ ویمن میں ہی رکھا جائے،خاتون ہونے کی بنا پر کیس کی سماعت پیر سے کل کے لئے رکھ رہے ہیں،عدالت نےایمان مزاری کو راہداری ریمانڈ پر تھانہ وومن منتقل کرنے کی بھی ہدایات جاری کردیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں