ممبئی :سنی دیول اس وقت اپنی فلم غدر 2 کی کامیابی پر خوب پذیرائی حاصل کر رہے ہیں، لیکن ساتھ میں اعتراف کیا ہے کہ وہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن نہیں کریں گے۔ بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے سنی دیول کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی فلم پروڈیوس کرتے ہیں تو بینک کرپٹ ہوجاتے ہیں۔ واضح رہے کہ سنی دیول پہلے ہی بینک آف بروڈا کے 50 کروڑ سے زائد کے نادہندہ ہیں، جس کے باعث نوبت ممبئی میں ان کے گھر کی نیلامی تک جاپہنچی تھی، تاہم فلم غدر 2 کی کامیابی پر بینک نے نیلامی کا عمل ملتوی کردیا تھا۔ اپنے انٹرویو کے دوران سنی دیول کا کہنا تھا کہ دنیا بہت مشکل ہے۔ گزشتہ دہائی کے دوران میری فلموں پر بطور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر انتہائی مشکل وقت رہا۔میں پروڈیوسر بنا، ڈائریکٹر بنا، بہت سارے عہدے سر پر سجالیے، لیکن میرا خیال ہے کہ ایک شخص صرف ایک ہی کام کرسکتا ہے، لہٰذا اب ہر چیز چھوڑ کر صرف اداکار بن گیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب میں یہی کرنا چاہتا ہوں، میں اب جتنا ممکن ہوسکا فلمیں کروں گا۔
سنی دیول کا خود کو صرف اداکاری تک محدود رکھنے کا فیصلہ
