اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کاحلقہ بندیوں میں چار ماہ لگنے کا اعلان باعث تشویش ہے۔ایک بیان میں شیری رحمن نے الیکشن کمیشن سے انتخابات مقرر وقت پر کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں میں چار ماہ لگنے کا اعلان ہمارے لئے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فیصلے پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت دینا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سی سی آئی اجلاس میں موجودہ نشستوں کی تبدیلی نہ ہونے پر اتفاق کیا تھا،جب تبدیلی نہیں ہونی تو حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی،عدم استحکام کا باعث بنے گی، جس کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔
پیپلز پارٹی کا انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ!
