ڈیرہ غازی خان..پیداوار میں اضافے کےلئے ریونیو سٹاف فیلڈ میں

Dera-Ghazi-revenue 14

ڈیرہ غازیخان : ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے پٹواری سمیت تمام ریونیو سٹاف کو فیلڈ میں بھیج دیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 20 سے زائد کھیت کے معائنہ کے ساتھ متعلقہ کاشتکاروں سے ملنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔کاٹن ایکسپرٹ کی سفارشات بھی کاشتکاروں تک پہنچائی جائیں گی۔
یہ احکامات کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔کمشنر نے فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی پر اسسٹنٹ کمشنر علی پور کی خدمات صوبائی حکومت کو واپس کردیں۔
انہوں نے کہا کہ کام نہ کرنے والوں کی ڈی جی خان ڈویژن میں کوئی جگہ نہیں ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈی جی خان ڈویژن میں کپاس کی پیداوار اور دیگر معاملات پر ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی اور سفید مکھی سے بچانے کیلئے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔محکمہ زراعت کے ساتھ ریونیو سٹاف بھی ہر کھیت اور کپاس کے کاشتکار تک پہنچے گا۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ کاشتکاروں کو ان کی فصل کی بہتری کیلئے موقع پر رہنمائی دی جائے۔کپاس کی فصل کیلئے دو ہفتے نہایت اہم ہیں اس لئے ہم سب کو ملکر محنت کرنا ہوگی تاکہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرکے ملک کی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں