ریاض: پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا جادو سعودی عرب میں بھی چل گیا ،سعودی فٹ بال کلب النصر نے رونالڈو کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار عرب کلب چیمپئنز کپ جیت لیا۔سعودی دارالحکومت ریاض کیکنگ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں عرب کلب چیمپئنز کپ کا ٹائٹل رونالڈو کی ٹیم النصر کے نام رہا۔رونالڈو کی قیادت میں النصر نے الہلال کو شکست دی ، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل معرکے میں کانٹے کا مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں کے پلیئرز نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ دوسرے ہاف کے ابتدا میں الہلال کلب کے برازیلین کھلاڑی مائیکل نے ہیڈ کے ذریعے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، تاہم کرسٹیانو رونالڈو نے 74 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور برابرکر دیا۔اس دوران النصرکلب کے دو کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا گیا، جب النصر کلب 9 کھلاڑیوں سے کھیل رہی تھی تو اسی دوران اسٹار فٹبالر رونالڈو نے ایکسٹرا ٹائم پر شاندار ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو اختتام تک قائم رہی۔ جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ پہلی بار یہ اہم ٹرافی جیتنے پر بے حد فخر ہے۔خیال رہیکہ رونالڈو نے رواں برس جنوری میں سعودی کلب النصر کو پرتعیش ڈیل کے تحت جوائن کیا تھا۔ سعودی کلب سے ڈھائی سالہ معاہدے کے تحت رونالڈو کو 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا معاوضہ ملنا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نےسعودی عرب میں دھوم مچا دی
