کراچی : پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار فیروز خان نے کہا ہے کہ میں سب لوگوں کو معاف کرنے اور ان کے ساتھ صلح کرنے کے لیے تیار ہوں۔ حال ہی میں اداکار فیروز خان نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میری زندگی میں ایک وقت ایسا آیا جب مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں کیا کروں اور مجھے اپنا آپ بالکل تنہا محسوس ہوا کیونکہ ساری بندوقوں کا رخ میری طرف تھا اور میرے پاس مدد مانگنے کے لیے صرف ایک اللہ کا در تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیکن اب وقت بدل گیا ہے اور میں ایک ایسی پوزیشن میں ہوں کہ میں وہی تکلیف جو کہ مجھے پہنچی میں قانونی طور پر ان لوگوں کو پہنچا سکتا ہوں جنہوں نے مجھے تکلیف پہنچائی۔ ان کا کہنا تھا کہ مگر میں یہ سوچتا ہوں کہ تکلیف کے بدلے تکلیف دینا صحیح نہیں ہے، ہمیں لوگوں کو معاف کردیا چاہیئے اور دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہیئے کیونکہ اللہ تعالی معافی کو، ہاتھ ملانے کو اور لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے والے کو پسند کرتا ہے۔ فیروز خان نے کہا کہ اس لیے میں ان سب لوگوں کو معاف کرنے اور ان کے ساتھ صلح کرنے کے لیے تیار ہوں۔ معروف اداکار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ میرا یہ پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے گا کیونکہ دنیا میں بہت سارے لوگ ایسے ہیں جوکہ دوسروں کو معاف کر کے زندگی میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور دنیا میں تمام اچھی چیزیں ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
فیروز خان کا دشمن کون؟
