ہماری نوجوان نسل کون؟ قوم کے معمار یا ’یوتھیئے‘

61

تحریر: انعم ملک

قائدِملت فرماتے ہیں: ’’درحقیقت عزت و وقار تو انسان اور انسانی زندگی کا ہوتا ہے۔ اداروں کا عزت و وقار نہیں ذمہ داریاں ہوتی ہیں‘‘۔لیکن موجودہ حالات اس کے بلکل برعکس ہیں۔عزت و وقار اداروں کی طرف منتقل ہو گیا اور انسان کے پلے رہ گئیں صرف اور صرف ذمہ داریاں۔
ہماری نوجوان نسل، جس نے ابھی ایک کٹھن امتحان سے گزرنا ہے اور جس کےسامنے ایک طویل اور تابناک مستقبل کھڑا ہے۔ اس کےہاتھ میں صرف فرائض اورذمہ داریوں کی فہرست تھما دی گئی ہے جس کو نبھانے کے لئےوہ ابتدائی ضروریات سے بھی محروم ہے۔ ماں باپ اپنا پیٹ کاٹ کر اپنی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں لیکن کیانوجوان اس تعلیم کو بروئے کار لا کر بہترین طور پر اپنےفرائض و ذمہ داریاں نبھانے کے قابل ہوں گےیا نہیں،ایک سوالیہ نشان ہے۔
قوم کے معمار، جب اپنےحقِ خودارادیت اور جمہوری فعل کے لئے سزا کے حق دارٹھہریں اور نصابی پرچے چھوڑ کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنا مستقبل تاریک ہوتا دیکھیں، جہاں ان کی آواز اٹھنے سے پہلے ہی دبا دی جائے توایسےحالات میں کوئی خود کوکیسےطاقت کے آگےجھکنے سے روک سکے گا۔
ایسی گھٹن زدہ فضا میں پلنے والے نوجوانوں کا ہاتھ تھامنے کے بجائے پکاراجاتا ہے،’یوتھیئے‘!!! جس نام میں ہی تضہیک کا عنصر نمایاں ہو، جس لفظ سے ہی عزت و وقارکا چہرہ مسخ ہو کر رہ جائے۔ کیا ایسی نوجوان نسل کو کوئی لیپ ٹاپ دے کر چند روپوں کے عوض خرید سکتا ہے؟ یوں تو اتنے ذلت آمیز لقب سے پکارے جانے پر، در پر آنے والا فقیر بھی روٹی لینے سے انکار کر دیتا ہے۔ پھر کہاں رہ گیاانسان کا عزت و وقار ۔
یہاں تو روٹی بھی اسی کو ملتی ہے جواپنی عزت و وقار کا سودا کر کےطاقت کےسامنےسر تسلیم خم کر دے۔
ایسا خطہ عرض ملک نہیں بلکہ ایک قفس ہے۔جہاں اپنی رائے اور حق کے لیئےلڑنےوالوں کاسراٹھنے سے پہلے ہی کچل دیا جاتا ہےتاکہ کہیں اس کو دیکھ کر باقی انسانیت کا شعور بھی نہ جاگ اُٹھے۔جی ہاں ایسے ہی ماحول میں پلنے والی نوجوان قوم ،عملاً مفہوم کے ساتھ ’یوتھیئے‘ کہلاتی ہے۔
ورنہ اس وطن کی نوجوان نسل کے پاس ہنر اور ذہانت کو ایسا ذخیرہ پنہاں ہے کہ اگر اپنی غرض کی سیاست سے بری ہو کرپرامن جمہوری فضا مہیا کی جائےاورانسانی عزت و وقارکا تاج قوم کے معماروں کے سر پر سجا دیا جائے تودنیا کی کوئی طاقت بھی اس ملک و قوم کو ترقی کی بلندیاں چھونے سےروک نہیں سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں