بھارت،اسکول کے بچوں کے کھانے سے مردہ سانپ نکل آیا

india school food snake 65

نئی دہلی :بھارتی ریاست بہار کے ایک اسکول میں 100 کے قریب بچوں کی طبیعت زہریلا کھانا کھانے کے بعد بگڑ گئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق بچوں کے کھانے سے مبینہ طور پر مردہ سانپ ملا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے علاقے جوگبانی نگر کے ایک اسکول میں بچوں کو دن کا کھانا دیا گیا، 100 کے قریب بچوں کی کھانا کھانے کے بعد طبیعت بگڑگئی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسکول کے بچوں کے دن کے کھانے میں سے مبینہ طور پر ایک مردہ سانپ ملا ہے۔ ضلعی ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) راجکمار نے کہا ہے کہ اسکول کے تمام متاثرہ بچوں کو سب ڈویژنل اسپتال منتقل کیا گیا اور خوش قسمتی سے وہ سب محفوظ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے اور اس کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا، ایک غیرسرکاری تنظیم کو دن کا کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی، ہم سنجیدگی سے اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، اگر اس این جی او کو قصور وار پایا گیا تو اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دن کے کھانے میں ایک طالب علم نے مردہ سانپ دیکھ کر سب کو خبردار کیا لیکن اس وقت تک کم از کم 100 بچے کھانا کھاچکے تھے۔ مقامی اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زہریلا کھانا کھانے سے متاثرہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، جنہیں جلد ہی ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں