اسلام آ باد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر آئی جی پولیس اور سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کردیا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی بیٹی گوہر بانو کی جانب سے والد کیخلاف مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کی بیٹی گوہر بانو قریشی وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے آئی جی اور سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 مئی تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت عالیہ نے انتظامیہ کو شاہ محمود قریشی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے عدالت کی جانب سے ضمانت کی مشروط پیش کش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
شاہ محمود قریشی رہائی معاملہ، آئی جی پولیس اور سیکریٹری داخلہ کو نوٹس
