ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے پرویز الہی کے سابق مشیر کی بازیابی کیلئے پولیس کو آخری موقع دیدیا

Zubair-ahmed-khan-niazi 69

راولپنڈی:ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی کے سابق مشیر زبیر احمد خان کی بازیابی سے متعلق پٹیشن پرپولیس حکام کی رپورٹ پر جیو فینسنگ رپورٹ اور خاکوں کی تصدیق کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ ہفتے تک سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ 3 ہفتے سے زیادہ ہوچکے ہیں لیکن مغوی کا کوئی سراغ نہیں لگ سکاکوئی ادارہ بھی ذمہ داری لینے یا معلومات دینے کو تیار نہیں اداروں کی خاموشی شرمناک ہے جس پرعدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے اداروں کے خلاف جذباتی موقف اختیار کرنے پر روک دیا عدالت نے قرار دیا کہ ہر کام میں اداروں پر عدم اعتماد یا ہدف تنقید بنانا درست عمل نہیں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ جو اقتدار میں آتا ہے سیاسی مخالفین کے ساتھ یہی کچھ کرتا ہے انہوں نے کل جو بویا آج وہ کاٹ رہے ہیں اس موقع پر عدالت نے پولیس سے مقدمہ کی پیش رفت بارے استفسار کیا تو پولیس افسرنے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خاکے تصدیق کے لئے نادرا کو بھجوائے ہیں جہاں سے جواب موصول نہیں ہوا نہ ہی جیو فینسنگ رپورٹ موصول ہوسکی جس پر عدالت نے پولیس حکام کو خاکوں کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی عدالت نے قرار دیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو آئندہ تاریخ پر ڈی جی نادرا کو طلب کیا جائے گا عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ نادرا سے تصدیق کے بعد ملزمان کے خاکے درخواست گزار کو بھی دکھائے جائیں عدالت نے سماعت 7اپریل تک ملتوی کردی مغوی کے بیٹے سعد احمدنے والد کے اغوا کے خلاف ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں پٹیشن دائر کی تھی پٹیشن میں وفاقی وصوبائی حکومت، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا تھاپٹیشن میں موقف اختیار کیا گیاتھا کہ درخواست گزار کے والد زبیر خان کو 8 مارچ کی رات گھر کے قریب سے زبردستی اٹھایا گیا اغوا کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاجن سے رابطے کی تمام کوشش کی گئی تاہم ان کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا جس کے بعد سے ان کے بارے میں کچھ بتایابھی نہیں جارہا حالانکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے حکومتی ادارے خود ہی شہریوں کو زبردستی اغوا کررہے ہیں عدالت درخواست گزار کے والد کی بازیابی کا حکم جاری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں