ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے فیصلے پر نظرثانی اپیل میں ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے اکتیس مارچ تک عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئےاسلام آباد کی مقامی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکلاء علی بخاری اور فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 13 مارچ 2023 کو مجسٹریٹ نے 29 مارچ کیلئے پٹیشنر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ،بعد ازاں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں تبدیل کیا گیا،عمران خان کے پیش نہ ہو سکنے پر مجسٹریٹ نے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی 7 ضمانت کی درخواستوں کو منظور کیا گیا، ضمانت کی درخواستوں کو عمران خان سے سکیورٹی واپس لئے جانے کے باعث منظور کیا گیا۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان سے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی عمران خان سے سیکورٹی واپس لیئے جانے پر تفصیلات طلب کی ہیں، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیئے جانے کے فیصلے میں قانونی خامیاں ہیں۔ وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل نہیں ہوتے تو لاہور جیسی صورتحال دوبارہ پیدا ہوگی۔ عمران خان کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیئے جانے کا فیصلہ دیا گیا، کیا عمران خان کے عدالت کے حکم پر قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ،قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیئے بغیر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جانے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔ وکیل علی بخاری نے کہا کہ عدالت میں بغیر سکیورٹی کے آنا خطرے سے خالی نہیں ،عمران خان پر پہلے بھی قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے سکیورٹی کی وجہ سے ہی عدالت کو جوڈیشل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں عمران خان پیش ہوئے۔ وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ 42 کیسز میں عدالتوں کے سامنے پیش ہوچکے ہیں اور ضمانتیں ہوئی ہیں ناقابل ضمانت وارنٹ قانون کے مطابق نہیں انھیں منسوخ کیا جائے، 18 اپریل کو اگلی سماعت ہے عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔عدالت نے 31 مارچ تک عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی
عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل
