انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، پی ٹی آئی نے ڈوزیئر جاری کر دیا

PTI-worker-arrest 199

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے 10 اپریل 2022 سے 21 مارچ 2023 تک پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ڈوزیئر جاری کر دیا ہے۔ڈوزیئر کی کاپیاں اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتکاروں سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔پارٹی کے سینئر نائب صدور فواد چوہدری اور ڈاکٹر شیریں مزاری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈوزیئر کی تفصیلات بتائیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کے خلاف عالمی سطح پر مقدمات قائم کرکے انہیں نریندر مودی کی طرح ناپسندیدہ شخصیات قرار دلوایا جائے گا۔ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اپریل کے آخر میں جی ایس پی پلس کے حوالے سے اجلاس ہو رہا ہے اور حکومت کی حرکتوں سے ایسا لگتا ہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس ایکسٹینڈ نہیں ہو پائے گا۔فواد چودھری نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو پھر سے فیٹف کی فہرست میں شامل کروانا چاہتی ہے۔ دونوں لیڈروں نے ڈوزیئر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 1,060 گرفتار افراد کی لسٹ بھی ڈوزیئر میں فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دس روز میں پاکستان کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے دباؤ میں اضافہ ہوگا۔تحریک انصاف کی قیادت اور عمران خان پر مجموعی طور پر 143 پرچے درج کئے گئے ہیں۔ ڈوزیئر میں بتایا گیا ہے کہ آج کل تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کے اراکین کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ اظہر مشوانی کو اٹھایا گیا کسی کو کچھ علم نہیں کہ وہ کہاں ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے سوال اٹھایا کہ کون نامعلوم افراد اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔فواد چودھری نے سوال اٹھایا کہ کیا اظہر مشوانی کی کوئی حیثیت نہیں کہ اب تک ان کا کچھ علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔حسان نیازی کو بھی وکیل کے ہوتے ہوئے اٹھا لیا گیا۔حالات یہ ہیں کہ دس سالہ بچے کو اٹھا کر ریمانڈ پر بھجوا دیا گیا۔عمران خان پر ایک دن میں 15 پرچہ درج کیے گئے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی کریمنل کابینہ کے خلاف اوورسیز پاکستانیوں نے ایک مہم شروع کر رکھی ہے۔مہم یہ ہے کہ ان کے ویزے منسوخ کیے جائیں۔اور عالمی سطح پر انہیں ناپسندیدہ شخصیات قرار دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں