اسلام آباد :پاکستان نے ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل اور مسجد اقصیٰ پراسرائیلی حملے کی شدیدا لفاظ میں مذمت کی ہے ،ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان گزشتہ ہفتے ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہے،ایسی نفرت انگیز کارروائیاں نسل پرستانہ، غیر انسانی اور اسلامو فوبک ہیں،ان کا بار بار ہونا اس قانونی فریم ورک پر سوالیہ نشان لگاتا ہے جس کے پیچھے اسلاموفوبس چھپاتے ہیں اور معافی کے ساتھ نفرت پھیلاتے ہیں،ہم سمجھتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے،یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کی گھناؤنی کارروائیوں کو روکے ،جو مذہبی منافرت اور تشدد کو ہوا دینے اور بھڑکانے کے مذموم مقاصد کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔بعد ازاں ترجمان دفتر خارجہ نے مسجد الاقصٰی پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس میں مسجد اقصی سے نمازیوں کو نکالنا اور مسجد کا تقدس پامال کرنا قابل مذمت ہے، رمضان المبارک کے دوران مسجد الاقصی پر قابض اسرائیلی فوج کے حملے معمول بن چکے ہیں،ایسی کارروائیاں فلسطینی عوام کے مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی صریحا خلاف ورزی ہے،عالمی برادری رواں سال کے آغاز سے اسرائیلی جارحیت کو رکوائے، پاکستان نے فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں، القدس الشریف بطور آزاد اور خودمختار فلسطین کا حامی ہے۔
پاکستان کی مسجد اقصی پر اسرائیلی حملہ اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی مذمت
