اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کوعمران خان کی فوری گرفتاری سے روک دیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ عمران خان کو عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس سکیورٹی کے لیے اقدامات کرے۔ سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کوبتایا کہ بائیو میٹرک اعتراض دور کردیا گیا ہے، یہ اعتراض بھی تھا کہ جو معاملہ پہلے طے ہوچکا ،وہ دوبارہ کیسے سنا جاسکتا ہے، عدالت نے معاملہ طے نہیں کیا بلکہ ٹرائل کورٹ کو بھجوایا تھا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کو کہا تھا کہ وہ انڈرٹیکنگ کے معاملے کو دیکھے، خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل کورٹ انڈرٹیکنگ سے مطمئن نہیں ہوئی، عمران خان خود رضاکارانہ طورپرعدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔ عدالت وارنٹ معطل کردے تاکہ ہفتے کو عدالت پیش ہوسکیں۔دلائل سنے کے بعد عدالت نے پولیس کوعمران خان کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس سکیورٹی مہیا کرنے کے لیے اقدامات کرے۔۔ واضح رہے کہ عمران خان نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے وارنٹ معطلی کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
بڑا فیصلہ، عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا گیا
