صدر عارف علوی کا پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ ،عمران خا ن کی ممکنہ گرفتاری کی صورتحال پر گفتگو

arif-alvi president of pakistan 34

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے معاملے پر پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف صدر مملکت کے ٹیلی فون ٹیپ ہونے پر عدالت سے رجوع کر ے گی ۔ذرائع کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر اور سینئر نائب صدر فواد چوہدری سے رابطہ کیا ہے اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔ذرائع کا کہناہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ بھی رابطہ کررہے ہیں جبکہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان سے ہدایات ملنے کی صورت میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کشیدگی میں کمی کے لیے اہم شخصیات کے ساتھ رابطہ کریں گے۔ ادھر ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے صدر مملکت کے فون کی مبینہ ٹیپنگ کے معاملے کو عدالت لے جانے پر غور شروع کردیا ہے ۔ پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ پی ٹی آئی کو تشویش ہے کہ ماضی میں ملک کے وزیر اعظم کی ٹیلی فونک گفتگو منظر عام پر آ چکی ہے۔ میڈیا پر صدر مملکت اور یاسمین راشد کی آڈیو کال لیک ہوئی ہے۔ چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی منظوری سے پی ٹی آئی ٹیلی فون ٹیپنگ کے معاملے کو عدالت میں لے جائے گی۔ پارٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ عدالت سے استدعا کی جائے گی کہ صدر سمیت دیگر اہم شخصیات کی ٹیلی فون ٹائپنگ کا نوٹس لیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں