ممبئی :بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان بھارت کو 2 آسکر ایوارڈز ملنے پر خوشی سے جذباتی ہو گئے۔ شاہ رخ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’RRR‘ کے گانے اور دستاویزی مختصر فلم ’دی ایلیفنٹ وسپرز‘ کو آسکر ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اس خوشی کے موقع پر فلم’دی ایلیفنٹ وسپرز‘ کی ٹیم کو گلے لگانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے فلم’RRR‘ کی پوری ٹیم کا آسکرز میں انڈیا کی شاندار انداز میں نمائندگی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’دونوں آسکر ایوارڈز ہمارے لئے ایک نئی امید ہیں!‘ دوسری جانب امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر دو آسکر ایوارڈز بھارت آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم جیت گئے! ہم دو آسکر ایوارڈ جیت گئے!‘ انہوں نے لکھا کہ ہم یہ ملک اور عوام کے لئے جیتے ہیں! ہم جیت گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے فخریہ جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھارت کا جھنڈا گاڑ دیا ودیش میں!‘ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کے علاوہ عالیہ بھٹ، کرینہ کپور اور دیگر نے بھی فلم’RRR‘ اور فلم’دی ایلیفنٹ وسپرز‘ کی ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی
شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن بھارت کو 2 آسکر ایوارڈز ملنے پر جذباتی ہو گئے
