الیکشن شیڈول کے بعد دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی ہے،پرویز الٰہی

ch-pervaiz-elahi 48

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کے بعد لاہور میں دوبارہ دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی ہے جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے سابق ایم پی اے نوابزادہ منصور علی خان، عون حمید ڈوگر و دیگر نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال، انتخابات کی تیاریوں، پی ٹی آئی کی ریلی اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران مرکزی صدر تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مریم نواز سرکاری خرچے پر جلسے جلوس اور تنظیمی اجلاسوں میں کھل کر اعلی عدلیہ کے خلاف زہر اگل رہی ہیں، مریم نواز کو آئین کی خلاف ورزی پر کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ پرویز الہی نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں روکنا خلاف آئین ہے، لاہور میں دوبارہ دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی ہے جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے، تمام نمائندے ریلیوں کی صورت میں کاغذات جمع کروانے جائیں گے، کاغذات نامزدگی آج سے جمع کروانے کا سلسلہ شروع ہے، ایسی صورتحال میں دفعہ 144 کا نفاذ کیسے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی مقبولیت کا خوف ان کو رات کو سونے نہیں دیتا، وفاقی حکومت کی ایما پر پنجاب کی بگل بچہ حکومت الیکشن کا ماحول نہیں بننے دے رہی، تمام سیاسی پارٹیوں کو آئین پاکستان سیاسی مہم چلانے کا حق دیتا ہے، پی ایس ایل میچ کی آڑ میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سابق وزیر اعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا میچ قذافی سٹیڈیم میں ہے اور ریلی داتا صاحب کی طرف جانی ہے، عقل کے اندھوں کو پتہ ہی نہیں کہ پی ایس ایل اور ریلی کا روٹ الگ الگ ہے، ان کی عقل پر مٹی پڑی ہوئی ہے، انتخابی مہم کی راہ میں رکاوٹ بن کر کسے خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں