ڈاکٹرز دانتوں کی بیماریوں کے بارے میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے پر توجہ دیں، ڈاکٹر عارف علوی

arif-alvi president of pakistan 41

اسلام آباد :اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان سوسائٹی آف اورل اینڈ میکسیلو فیشل پیتھالوجی فیڈرل زون کے تعاون سے انٹرنیشنل اورل پیتھالوجی اینڈ ایستھٹک ڈینٹسٹری کانفرنس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹرز معاشرے میں دانتوں کی بیماریوں کے بارے میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ دیں کیونکہ ملک میں زیادہ تر لوگ علاج معالجے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ صدرمملکت کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا یہ پہلا دورہ تھا ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید اور پاکستان سوسائٹی آف اورل اینڈ میکسیلو فیشل پیتھالوجی فیڈرل زون کی صدر ڈاکٹر جوہریہ اظہرنے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چونکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں دانتوں کا علاج مہنگا ہے لہذا ڈاکٹرز دانتوں کی بیماریوں کے بارے میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں جس سے لوگ مہنگے علاج سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے معاشرے میں باقاعدگی سے دانت صاف کرنے کی پریکٹس کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا جس سے دانتوں کی نوے فیصد بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے منہ کی بیماریوں کے خلاف احتیاطی نگہداشت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہ کہ حکومت ڈاکٹرز تیار کرنے پر بہت سا سرمایہ لگاتی ہے لہذا انہیں احتیاطی نگہداشت کے طریقہ علاج پر زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ لوگوں میں دانتوں سمیت دیگر بیماریوں سے بچائو کی تدابیر کے بارے میں بہتر آگاہی اور شعور پیدا کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے پاکستان فیڈریشن آف لیزر ڈینٹسٹری کا بھی افتتاح کیا اور کانفرنس کے منتظمین اور تعاون کرنے والوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے صدر مملکت کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ان کوحل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کی بہتر ترقی کیلئے حکومت بزنس کمیونٹی کی مشکلات کم کرنے پر توجہ دے۔ پاکستان سوسائٹی آف اورل اینڈ میکسیلو فیشل پیتھالوجی فیڈرل زون کی صدر ڈاکٹر جوہریہ اظہر نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا اور اس شعبے میں نئے رجحانات اور ایجادات کو مدنظر رکھتے ہوئے باڈی آف لیزر ڈینٹسٹری کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں