نئی دہلی:بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے سابق آسڑیلوی کرکٹرز کی جانب سے بار بار ٹیسٹ سیریز کیلئے تیار کی جانے والی وکٹوں پر سخت تنقید پر بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتیں دوستی کو متاثر کرسکتی ہیں، اپنے ایک انٹرویو میں سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ بھارت میں کھیلنے والی آسڑیلوی ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی نے وکٹوں کے حوالے سے ایک لفظ تک نہیں کہا حتیٰ کہ قائم مقام کپتان سٹیو سمتھ نے تو وکٹوں کو چیلنجنگ قرار دیا تاہم کچھ سابق آسڑیلوی کرکٹرز نے وکٹوں پر تنقید کرتے ہوئے ایسے الفاظ استعمال کئے جس سے دکھ ہوا، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے الفاظ کے استعمال سے آسڑیلیا اور بھارت کے درمیان 75 سالہ دوستی متاثر ہوسکتی ہے ، سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ جو بھی وکٹ تیار کی گئی اس پر دونوں ٹیموں کے پاس موقع تھا کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتیں، پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں بھارت نے فائدہ اٹھایا اور دونوں ٹیسٹ جیتے جبکہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسڑیلیا نے کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
سابق آسڑیلوی کرکٹرز کی بھارتی وکٹوں پر تنقید، سنیل گواسکر بھی بول پڑے
