لاہور: لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی جیت کے فیصد کے لحاظ سے تاریخ کے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔ 21 سالہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے اپنی ٹیم کو 20 میچوں میں 14 فتوحات دلائی ہیں، جس سے ان کی جیت کا تناسب 70.00 ہے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اس سیزن میں شاندار فارم میں ہیں جس نے اپنی فرنچائز ٹیم کو کئی اہم فتوحات سے ہمکنار کیا۔ لاہور قلندرز اس وقت سات میچوں میں چھ جیت کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے، اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ شاہین آفریدی کے ریکارڈ نے انہیں پی ایس ایل کے دوسرے کامیاب کپتانوں محمد رضوان، مصباح الحق، سرفراز احمد، اور ڈیرن سیمی سے بھی آگے رکھا ہے، جن کے پاس ماضی میں شاندار جیت کا تناسب رہا ہے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان فی الحال 67.7 فیصد جیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔انہوں نے اپنی ٹیم کو 15 میچوں میں 10 فتوحات دلائی ہیں اور بطور کپتان اور کھلاڑی ان کی مسلسل کارکردگی ان کی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ پشاور زلمی کے سابق کپتان ڈیرن سیمی 57.9 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ تیسرے، مصباح الحق 57.7فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ چوتھے، شاداب خان 55.3 فیصدجیت کے تناسب کے ساتھ پانچویں، سہیل اختر 52.2 فیصدکامیابی کے تناسب کے ساتھ چھٹے، سرفراز احمد 48.1 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ 7ویں، عماد وسیم 46.8 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ آٹھویں، وہاب ریاض 46.4 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ 9ویں جب کہ شعیب ملک 34.5 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ 10ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
شاہین آفریدی پی ایس ایل میں کامیاب ترین کپتان
