لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں سٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کا پلان ہے، چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا ہے کہ ہوٹل کے لیے زمین کی نشاندہی کردیں تاکہ اس پر کام شروع کیا جاسکے۔ لاہور اور یو کے میڈیا کے درمیان میچ کے موقع پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میڈیا کے نمائندوں کو کھیلتا دیکھ کر دل کر رہا ہے کہ میں بھی کھیلوں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس ہی سے کھیل کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہوریوں نے پی ایس ایل کے میچز میں رنگ بھر دیے ہیں، شائقین کرکٹ کے بڑی تعداد میں آنے سے سٹیڈیم چھوٹے پڑ گئے ہیں۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے ہمیشہ ہی پاکستان کو اچھا ٹیلنٹ دیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے بتایا کہ آئی سی سی اور اے سی سی اجلاسوں میں ایشیا کپ 2023ء اور چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی پر غور ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹس اور ریجنز کے انتخابات کروا کر گورننگ بورڈ مکمل کردیں گے، آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے ڈیپارٹمنٹس نے ہامی بھر لی۔
کراچی اور لاہور میں سٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کا پلان ہے‘ نجم سیٹھی
