موجودہ حکومت پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتی اسی لئے آئین شکنی کر رہی ہے، اسد عمر

Asad-Umar-PTi-g8 51

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتی اسی لئے آئین شکنی کر رہی ہے، یہ لوگ الیکشن سے بچنے کیلئے آئین بھی توڑنے کیلئے تیار ہیں، اسی لئے حکومت کی طرف سے عدلیہ کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، آج حکومت خود بھی کہہ رہی ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے ۔ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی گرفتاری اس لئے کی جا رہی ہے کہ انہوں نے سچ بولنے کا کہا تھا، شوکت ترین نے صوبائی وزرائے خزانہ کو کہا تھا کہ آپ سچ بولیں جھوٹ نہ بولیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہمارا کیس موجود ہے جلد سامنے آئے گا کہ ریکارڈنگز کون کر رہا تھا۔اسد عمر نے کہا کہ آج حکومت خود بھی کہہ رہی ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے ، الیکشن کے بغیر سیاسی استحکام ممکن نہیں ہے، ہم اسی لئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، عمران خان کے دور میں صرف ایک کیس بنا جو کہ نیب نے بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے آئین کی تشریح کی ہے اور آئین کے مطابق فیصلہ دیا ہے،آئین کے مطابق گورنر یا الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں گے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ الیکشن کمیشن 90دن میں الیکشن کروانے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے گورنر سے مشاورت کرلی ہے اب وہ تاریخ دینے کے پابند ہیں، اب اگر الیکشن کمیشن ابہام پیدا کرے گا تو توہین عدالت کا کیس ہو گا، موجودہ حکومت پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتی اسی لئے آئین شکنی کر رہی ہے، یہ لوگ الیکشن سے بچنے کیلئے آئین بھی توڑنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے حکومت کی طرف سے عدلیہ کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں