اسلام آباد:تحریک انصاف کے مرکزی راہنما سینیٹر اعظم سواتی نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔اعظم سواتی نے کہا کہ عدل و انصاف کے قومی اداروں کو باوقار اور مضبوط دیکھناچاہتے ہیں تاکہ کوئی طاقت اور دولت کے بل بوتے پر بنیادی انسانی حقوق ،آئین و قوانین اور اخلاقیات کو پامال نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے اور نہ کوئی عدل و انصاف کا نظام ،سانحہ ماڈل ٹائون اس کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں بنیادی انسانی حقوق اور چادر اور دیواری غیر محفوظ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کے لئے آوازاٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس نظام کو ترقی کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور اس کے لئے جدوجہد کی۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے اس ظالم نظام سے لڑتے ہوئے جانیں دیں اور پچھلے 8سال سے جھوٹے مقدمے بھگت رہے ہیں مگر آج بھی ہمارا یہی موقف ہے کہ اس نظام کے ہوتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس نظام نے مافیاز کو اتنا مضبوط کر دیا ہے کہ وہ خود کو احتساب سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ سینیٹر اعظم سواتی نے جمعہ کی نماز جامع شیخ الاسلام میں ادا کی۔ اس موقع پر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمدخان، نوراللہ صدیقی، جواد حامد و دیگر قائدین موجود تھے۔
چادر اور چار دیواری غیر محفوظ، سینیٹر اعظم سواتی کا بڑا بیان
