کراچی: معروف اداکارہ، ماڈل و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے معاشرے میں بے راہ روی کا بڑھنا، مرد و خواتین کو ملنے والی آزادیاں اور ناجائز تعلقات میں آسانیاں پیدا ہونا بھی طلاق کی وجہ ایک وجہ ہیں۔ ایک انٹرویو میں معاشرے میں طلاقوں کے بڑھتے رجحانات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں لڑکے اور لڑکی کے درمیان رابطہ ہونا اور تعلق بننا بہت مشکل ہوتا تھا، کبھی کبھی کوئی لڑکا ہمت کرکے کسی لڑکی کے سامنے کارڈ پھینک کر بھاگ جاتا تھا مگر اب صورتحال مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے سادہ اور آسان جواب یہ ہے کہ اب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ سچے اور وفادار نہیں رہے اور خصوصی طور پر مرد بے راہ روی کا شکار ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مرد حضرات کے لیے مزید آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں، ان کے لیے تمام بندشیں ختم ہو چکی ہیں۔انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی کچھ جاننے والی دوست لڑکیوں کے شادی شدہ مرد حضرات کے ساتھ تعلقات ہیں اور انہیں ایسی لڑکیوں پر بھی غصہ آتا ہے جو شادی شدہ مرد حضرات کے ساتھ لگی ہوئی ہوتی ہیں۔
بے راہ روی کا بڑھنا اور ناجائز تعلقات میں آسانیاں بھی طلاق کی وجہ ہیں، نادیہ خان
