لاہور :پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صائمہ نور نے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کا سال ہوگا۔ ایک انٹرویو میں صائمہ نور نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کوترقی کی راہ پرآگے بڑھنے کیلئے ابھی بہت سی منزلیں طے کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا ترقی کے لئے نوجوان فلم میکرز کوخاصی محنت کرنا ہوگی۔ صائمہ نے کہا کہ فلم کا انداز اس وقت دنیا بھرمیں تبدیل ہوچکا ہے۔ جس طرح فلمسازی کے شعبے میں تبدیلی آئی ہے، اسی طرح فلم کی کہانی، میوزک اورتکنیکی شعبے بھی تبدیل ہوئے ہیں، مگرہمارے ہاں ابھی تک اس طرح سے تبدیلی کوقبول نہیں کیا گیا تھا یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں فلم کا شعبہ تاحال مضبوط نہیں ہے تاہم اب پاکستان فلم انڈسٹری بھی وقت کے مطابق اپنے آپ کو بدل رہی ہے جو خوش آئند ہے۔
نیا سال فلم انڈسٹری کی بحالی کا سال ثابت ہوگا، صائمہ نور
