اسلام آباد بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کی انٹرا کورٹ اپیلیں قابل سماعت قرار

Islamabad High court announce detail reply about shahbaz gill case 65

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت قرار دے دی اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے،بلدیاتی انتخابات فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کی اپیلوں کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی، اپیلوں میں سنگل بینچ کا 31دسمبر کو اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ چیلنج کیا گیا تھا،عدالت عالیہ نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق اپیلوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9جنوری کو جواب طلب کر لیا،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بینچ نے الیکشن کمیشن کی سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو نوٹس جاری کر دیئے،دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس عدالت کے فیصلے کو سنگل بینچ نے مد نظر نہیں رکھا، عدالت نے استفسار کیا کہ جب الیکشن کمیشن کو یہ معاملہ بھیجا گیا تو کیا ہوا ؟، وکیل نے جواب دیا کہ 27دسمبر کو الیکشن کمیشن نے 31دسمبر کے الیکشن ملتوی کرنے کا حکم دیا، 28دسمبر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا گیا، 28دسمبر کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ حتمی ہے،الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا نے عدالت کو بتایا کہ 28دسمبر کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ ہم انتخابات ملتوی کر چکے، 28دسمبر کا الیکشن کمیشن کا آرڈر 27دسمبر کے آرڈر پر منحصر تھا، وکیل میاں عبدالرئوف کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے آرڈر میں جو وجوہات بتائیں، اسے سنگل بینچ نے دیکھا ہی نہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی قانون بنا ہی نہیں؟، وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ دونوں ایوانوں سے بل منظور ہو چکا تھا، ممکنات تھیں کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں کس قانون کے تحت ہوں گے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 19دسمبر کا نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا، اب والی پٹیشن میں بھی چیلنج نہیں کیا گیا، چیف جسٹس نے کہا کہ پٹیشن میں 19دسمبر کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا گیا ہے جو آئینی سوالات اس میں شامل ہیں، اس طرف نہ وہ آ رہے ہیں، نہ آپ آ رہے ہیں، معذرت کے ساتھ آپ دونوں اپنے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، کوئی ایک چیز بھی عدالت کے سامنے نہیں لائے،چیف جسٹس نے کہا کہ اسی لئے کہہ رہا ہوں تیار کر لیں، کل پرسوں کے لئے رکھ لیتے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں ڈویژن بینچ نے آبزرو کیا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کی ڈائریکشن دی تھی، ڈویژن بینچ نے وہ حکم کالعدم قرار دے کر کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دی جا سکتیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کچھ حقائق ہیں جن کو سنگل بینچ نے مدنظر نہیں رکھا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کو ہدایت دے سکتے ہیں؟، اگر عدالت صرف الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیتی تو کیا ہوتا ؟ڈی جی لا نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آزادانہ اپنا فیصلہ کر سکتا ہے، چیف جسٹس نے پوچھا ابھی انتخابات کی تاریخ گزر گئی تو کیا آپ نے اب صرف پولنگ ڈے کا اعلان کرنا ہے، جس طرح بتایا گیا کہ صدر نے بغیر دستخط وہ بل واپس بھیج دیا تو کیا قانون یہی رہے گا ؟عدالت نے کہا کہ 125یونین کونسلز کا قانون بن جاتا ہے تو کتنے دن چاہیے ہوں گے؟، ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ چار پانچ دن ہمیں چاہیے ہوں گے،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر کسی بھی وجہ سے الیکشن ملتوی ہو جائیں تو دوبارہ کرانے کا کیا طریقہ ہوتا ہے؟، جس پر ڈی جی لا نے بتایا کہ اس صورت میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہیں، چیف جسٹس نے پوچھا یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کی صورت میں کتنے دن چاہییں؟ جس پر ڈی جی لا نے بتایا کہ پھر ہم 120 دنوں میں الیکشن کرا سکتے ہیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز لسٹوں کے نقائص اور غلطیاں بھی دور کرنی ہیں، اگر یہ حلقہ بندیاں کریں گے تو تمام مسائل ویسے ہی حل ہو جائیں گے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک چیز تو سنگل بینچ نے ٹھیک لکھی ہے جس وجہ سے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا وہ انہوں نے دیکھا ہی نہیں،الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سنگل بینچ کا فیصلہ معطل قرار دیا جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ پریکٹیکل اور مناسب بات بتائیں کہ 101 یونین کونسلز میں آپ الیکشن کرا سکتے ہیں؟۔ ڈی جی لا نے جواب دیا ہم اس حوالے سے ہدایات لے کر ہی عدالت کو بتا سکتے ہیں،بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کی وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروانے کے حکم کے خلاف اپیلیں قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے بعد میں جاری کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو جواب کے لیے نوٹسز جاری کر دیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں