عمران خان توہین عدالت کیس، سپریم کورٹ نے اہم سوالات اٹھا دئیے

supreme-court-of-pakistan 77

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 25 مئی لانگ مارچ سے متعلق عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں ریمارکس دیے کہ حکومت توہین عدالت کارروائی کیلئے کیسے متاثرہ فریق ہے؟ سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی۔ وزارت داخلہ کے وکیل سلمان بٹ نے دلائل دیے کہ عمران خان 24مئی سے ہی ڈی چوک جانے کی کال دے رہے تھے، عمران خان عدالتی حکم سے آگاہ تھے یہ بات ریکارڈ سے ثابت ہے، انہوں نے اپنے جواب میں غلط بیانی کی ہے، پہلے اپنے اور بعد میں وزیراعلی کے جیمرز کا کہا گیا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ ٹرائل کورٹ نہیں ہے جو شہادتیں ریکارڈ کرے، حکومت کی درخواست پہلے ہی غیرموثر ہے، توہین کا معاملہ عدالت اور توہین کرنے والے کے درمیان ہوتا ہے، سپریم کورٹ نے کہا تھا عدالت چاہے گی تو کارروائی کرے گی، کوئی ایک عدالتی فیصلہ دکھا دیں جس میں غیرموثر کیس میں توہین عدالت کی کارروائی ہوئی ہو، لانگ مارچ حکومت کیخلاف احتجاج تھا ڈسپلن سے ہونے والی پریڈ نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خود معلومات مانگی تھیں جو سامنے لائی گئی ہیں۔ جسٹس یحیحی آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ جانے اور معلومات جانے، درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ 25 مئی والا کیس تو سپریم کورٹ نے نمٹا دیا تھا، موجودہ درخواست پچیس مئی والے حکم کا تسلسل کیسے ہو سکتی ہے؟ سپریم کورٹ نے کیس غیرموثر ہونے پر ختم کیا تھا، حکومت کیسے متاثرہ فریق ہے جو توہین عدالت کی کارروائی شروع کرائے؟۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے سامنے مواد آ گیا ہے اور عمران خان کا موقف بھی، عمران خان کہتے ہیں انہیں عدالتی حکم کا علم ہی نہیں تھا، حکومت صرف معاونت کر سکتی ہے، فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، عدالت نے دیکھنا ہے کہ کن حالات میں کیا ہوا تھا، پچیس مئی کو حالات کشیدہ تھے، مظاہرین کسی کے کنٹرول میں نہیں تھے، لارجر بنچ نے جب سماعت شروع کی تو لانگ مارچ ختم ہوچکا تھا، کس نے کیا کہا اور کیا کال دی گئی تھی سب حالات کا جائزہ لینا ہے، دیکھنا ہے ڈی چوک پہنچنے والے مقامی تھے یا لانگ مارچ کا حصہ؟۔
وکیل وزارت داخلہ نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ ڈی چوک ہی آنا چاہتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں