عمران خان تحریک نہیں نظریہ ہے، گولیوں سے ختم نہیں ہوگا‘سینیٹر شہزاد وسیم

senator-shahzad-waseem 51

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ایک طرف کرپٹ ٹولے کا گٹھ جوڑ ہے،دوسری طرف حقیقی آزادی کی جدوجہد میں اپنے جسم میں گولی کھانے والا شخص ہے،اب وہ گولی پکارے گی کہ حقیقی آزادی کا سفر رکنے والا نہیں،وہ لوگ سمجھتے تھے کہ گولی کھانے سے عمران خان گرجائے گامگر وہ چٹان کی طرح کھڑا رہا،عمران خان کا عزم پہلے سے زیادہ مستحکم ہو گیا ہے،خبردار کرتا ہوں کہ جو سمجھتے ہیں کہ ان کو جان کا خطرہ لاحق کر کے تحریک کو ختم کرسکتے ہیں تو سن لیں کہ عمران خان ایک تحریک کا نہیں بلکہ نظریہ کا نام ہے،نظریہ کو گولیوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے،آئی ایم ایف نے بھی اپنا دورہ منسوخ کر دیا اور تاخیر کا شکار ہوگیا،لندن میں ڈیلی میل کا مقدمہ چل رہا ہے،چوروں پر سیلاب زدگان کے پیسے کھانے کا الزام ہے، آج ان کو جرمانہ پڑ رہا ہے۔شہزا د وسیم کا کہنا تھا کہ ایسے کردار کے لوگ عمران خان پر انگلی اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں،یہ لوگ گھڑی کی بات کررہے ہیں،ملک کا نقطہ نظر ان کے پاس ہے،سن لیں کہ اگر آپ کے پاس گھڑی ہے تو وقت عمران خان کے پاس ہے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ یہ وقت آزادی کا ہے،یہ وقت جمہوریت کی آواز کاہے،یہ وقت اپنی منزل کی طرف پہنچنے والا ہے،آزادی کا قافلہ اسلام آباد سے چند قدم کے فاصلے پر ہے،عنقریب اسلام آباد پہنچے گا،یہ وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے،پوری قوم سے گزارش ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں اپنے بچوں اور ملک کے مستقبل کے لئے اپنا حصہ ڈالیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں