وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے فیصلے عوام کرینگے، شاہ محمود قریشی

shah-mehmood-qureshi-pti 70

سرائے عالمگیر: وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سرائے عالمگیر میں حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے قافلے پر نظر رکھی، خبر لیتے رہے اور ہدایات دیتے رہے، عوام کی سیکیورٹی کیلئے اہتمام کیا گیا،لاہور سے سرائے عالمگیر تک کے سفر میں دلچسپی دکھانے پر پرویز الٰہی کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا لیڈر اور چیئرمین کہتا ہے کہ میری نظر میں وہ کسی لیڈر کو تسلیم کرتا ہے اس شخصیت کا نام قائداعظم محمد علی جناح ہے،اگر جناح نہ ہوتا تو پاکستان نہ ہوتا ، اگر علامہ اقبال نہ ہوتا تو دوقومی نظریہ نہ ہوتا،اگر ان کی جدوجہد نہ ہوتی تو ایک آزاد مملکت میں سانس نہ لے رہے ہوتے، آپ نے دیکھا ہوگا کہ عمران خان کے ہر جلسے میں تحریک انصاف کے بینرز پر قائداعظم اور علامہ اقبال کی تصویریں آویزاں تھیں،ان سے ہمیں رہنمائی لینی چاہیے،اس قوم کو شعور دینے کیلئے جس کا نعرہ لگایا گیا تھا کہ بٹ کے رہے گا ہندوستان، بن کے رہے گا پاکستان،قائداعظم کی کاوشوں نے ہمیں ایک آزاد پاکستان دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرا دیانتدارانہ سوال ہے کہ کیا آپ کو حقیقی آزادی کی جھلک دکھائی دیتی ہے اگر نہیں تو اس کی وجوہات ہیں،ان وجوہات پر غلبہ پانے کیلئے عمران خان نے نئی تحریک کو اجاگر کیا۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کو خوشحال اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں تو انصاف کا بول بالا کرنا ہوگا، جس معاشرے میں انصاف نہ ہو تو وہ آگے نہیں بڑھ سکتا ،ہمیں عمران خان اپنے خطبات میں مغرب کی مثال دیتے ہیں،عمران خان نے بحیثیت طالبعلم اور کرکٹر زیادہ وقت مغرب میں گزارا،مغرب میں قانون کی حکمرانی ہے،عمران خان کہتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ اگر مغر ب ترقی کررہا ہے تو قانون کی حکمرانی کی وجہ سے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک انصاف کا نظام قائم نہیں ہوگا قائداعظم کا خواب حقیقت نہیں ہوسکتا،آپ نے ایک جھلک دیکھی کہ گزشتہ دنوں لوگوں کے ضمیروں کو خریدا گیا،وفاداریوں کی منڈی لگا کر پنجاب میں اپنی حکومت قائم کرنے کی کوشش کی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب عمران خان وزیراعظم تھے تو اس وقت کی اپوزیشن نے تین لانگ مارچ کئے، مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان گئے، ہم نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی،اس وقت اپوزیشن باعزت طریقے سے آئی ،اپنی بات کی اور رخصت ہوگئے، اس کے باوجود تحریک انصاف پر تشددکیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خوش قسمتی پاکستان کی یہ ہے کہ یہاں کے عوام نہیں بکتے،وہ وقت قریب آرہا ہے کہ ظلم کرنے والے پاکستان کے فیصلے نہیں کریں گے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے فیصلے عوام کریں گے،حکمرانوں کی نظریں عوام پر نہیں بلکہ اپنے پیسے بچانے پر لگی ہوئی ہیں،اگر کوئی حکومت میں آنا چاہے تو راستہ پاکستان کے عوام ہونے چاہئیں، جب تک عمران خان میں دم ہے ان چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں