انگلینڈ دوسری بارٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا

ICC-men's-Twenty20-World-Cup-2022-Final 63

میلبورن:پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 کی عالمی حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کیلئے معرکہ ہوا ۔ انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نیا عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔میلبرن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے مطلوبہ 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کو ہدف کے دفاع میں پہلی کامیابی جلد مل گئی تھی جب سیمی فائنل میں بھارتی بولنگ کے پرخچے اڑانے والے ایلکس ہیلز کو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور کی ا?خری گیند پر بولڈ کردیا، 32 کے مجموعے پر فل سالٹ کو حارث رئوف نے پویلین بھیج دیا۔اس موقع پر کپتان جوز بٹلر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے مگر انہیں مزید خطرناک بننے سے قبل حارث رئوف نے وکٹوں کے عقب میں رضوان کے ہاتھوں کیچ کراکے انہیں واپسی کا پروانہ تھمایا۔پاکستان کو چوتھی کامیابی ہیری بروک کی وکٹ کی صورت میں ملی جس کو شاداب خان کی گیند پر شاہین شاہ نے کیچ آئوٹ کیا۔اس موقع پر میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی تھی تاہم شاہین شاہ ہیری بروک کا کیچ لینے کے دوران زخمی ہونے کے باعث اپنے کوٹے کے اوور مکمل نہ کراسکے اور کوٹے کے تیسرے اوور کی پہلی گیند کرانے کے گرائونڈ سے واپس چلے گئے جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، شاہین شاہ کا ادھورا اوور مکمل کرانے کیلئے پارٹ ٹائم بولر افتخار احمد آئے اور 5 گیندوں پر 13 رنز دے دیے۔اس موقع پر محمد وسیم جونیئر آئے تو انگلش بلے بازوں نے تین چوکوں کے ساتھ اس اوور میں 18 رنز بٹور کر ہدف تک رسائی کو آسان تر بنا دیا۔19ویں اوور میں محمد وسیم نے معین علی کو بولڈ کردیا تاہم اس وقت تک بازی ہاتھ سے نکل چکی تھی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے صرف 6 رنز درکار تھے۔انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے ناقابل شکست 52 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، کپتان جوز بٹلر نے 17 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد حارث نے 23 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان، محمد وسیم، شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی آئوٹ کیا۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز نصف سنچری نہ بنا سکا اور نہ ہوئی بڑی پارٹنر شپ قائم ہوئی، شان مسعود 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔کپتان بابر اعظم 32 اور شاداب خان 20 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔انگلینڈ کی جانب سے سیم کورن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے صرف 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جس میں شان مسعود اور محمد رضوان کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ عادل رشید نے 22 اور کرس جورڈن نے 27 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں، ووکس نے 32 رنز دے کر ایک کھلاڑی آئوٹ کیا۔فائنل میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور اپنے سیمی فائنلز کے فاتح اسکواڈز کو برقرار رکھا تھا۔12 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر سیم کرن مین آف دی میچ اور 6میچوں میں 13 وکٹیں لینے پر مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں بات کرتے ہوئے سیم کرن کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لئے بہت اچھا رہا اور آج کی وکٹ بہت مشکل تھی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ شاہین آفریدی کے انجرڈ ہونے کا ٹیم کو نقصان ہوا ‘ بائولرز نے چھوٹے ٹوٹل کے باوجود زبردست فائٹ کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کم اسکور کے باوجود بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے تمام شعبوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھی اچھا کھیل کھیلا، کم اسکور کے باوجود ٹیم نے بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں