امریکی سفیر کا دورہ سندھ‘ سیلاب متاثرین کےلئے اضافی امداد کا اعلان

American ambassador visit Sindh flood area 60

شکارپور:امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تین کروڈ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے، جس کی بعد سیلاب سے بحالی، خوراک کے تحفظ، ہنگامی صورتحال سےبچاؤ اور استعداد کار میں اضافے کے لیے امسال پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد کا حجم نو کروڑ ستّر لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔امریکی سفیر نےاس اضافی امداد کا اعلان سندھ کے ضلع شکارپور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کےموقع پر کیا۔ سفیر ڈونلڈ بلوم نے یو ایس ایڈ کے شراکت دار ادارے ایکٹیڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ اس دورہ میں سیلاب متاثرین میں خیمے، بیت الخلاء، حفظان صحت کی کٹس اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےگاؤں مکھنو کا دورہ کرتے ہوئے امریکی حکومت کی جانب سےسیلاب متاثرین کو فراہم کردہ عارضی پناہگاہوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر امریکی سفیر سیلاب متاثرین کیساتھ گھل مل گئے اوران سے سیلاب کے اثرات اور اُن کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔امریکی سفیر کی جانب سے اعلان کردہ اضافی مالی امداد سے نہ صرف سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور مزید چالیس لاکھ متاثرین تک رسائی یقینی بنانے کیلئے یو ایس ایڈ کی استعدادکار میں اضافہ ہوجائیگا۔ امریکی حکومت اس اضافی امدادکے تحت یو ایس ایڈ کے ذریعے صحت کے لیے قوت بٖخش غذا اورطبی خدمات فراہم کرے گی تاکہ سیلابی پانی سے پیدا ہونیوالی بیماریوں اور غذائی قلت سے نمٹنے کیساتھ متاثرہ علاقوں میں اشیائے ضرورت کی فراہمی اور طبی امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔ علاوہ ازیں سیلاب متاثریں کی بحالی میں مدد اور سردیوں سے بچنے کیلئے ساز و سامان کی فراہمی اس امداد کا حصہ ہے۔چونکہ خواتین اور لڑکیاں سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات سےغیر متناسب انداز میں متاثر ہوتی ہیں اس لیے امریکی حکومت صنفی امتیاز پر مبنی تشدد کے روک تھام اوربچ جانے والے افراد کو مدد فراہم کر رہی ہے۔ شراکت داروں کو ضروریات کی فراہمی سے ضرورتمندوں میں ہنگامی امداد کی تیز تر فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔امریکی سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں