سیالکوٹ:چیئر مین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جمعہ کوملک کی حقیقی آزادی کے جہاد کیلئے نکلوں گا،ہمارا مقابلہ امریکی غلاموں سے ہے،چوروں کو شکست اور ملک کو حقیقی آزادی دلوانا ہے عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق ملنے تک جدوجہدجاری رہے گی، عابد شیر علی کا والد کہتا ہے کہ رانا ثناء اللہ قاتل ہے، قاتل رانا ثنا ء اللہ تم بھی مقابلے کیلئے تیار ہو جائو،پورے پاکستان سے قافلے نکلیں گے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جماعت کسی سرمائے اور جاگیر کی بنیاد پر نہیں بنی بلکہ ہم نے اپنے لیڈر کی ایمانداری کی بنیاد پر دو خاندانوں کی اجارہ داری کو منظم ہو کر توڑا،28اکتوبر کو تحریک آزادی میں اپنا کردار اداکریں،سارے چہرے اپنی آنکھوں میں غصہ دیکھ لیں،ہم سب شہید ارشد شریف ہیں،ہمیں کوئی نہیں ڈراسکتا،ہمیں موت کا بھی کوئی خوف نہیں ہے۔بدھ کے روز سیالکوٹ میں وی آئی پی فیکٹری گرائونڈ میں پی ٹی آئی تنظیمی عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جمعہ کے دن ملک کی حقیقی آزادی کے جہاد کیلئے نکلوں گا،میں آخر تک میرا ساتھ دینے والوں کو سلام پیش کروں گا، چوروں کا گروپ ہم پر مسلط کیا گیا ہے،ہمارا مقابلہ امریکی غلاموں سے ہے،ہمارامقابلہ ملک کے چوروں کو شکست اور ملک کو حقیقی آزادی دلوانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کو حقیقی آزادی نہ مل سکی،آپ سب اپنے بچوں کے مستقبل اور ملک کی حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلیں،جب پاکستان بنا تھا تو لاکھوں لوگ قربان ہوئے تھے،قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کیلئے جدوجہد کی،وہ ساری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اگر چوروں کا ٹولہ ملک پر مسلط رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی پر ان کے بچوں کے سامنے تشدد کیا گیا،ہم امریکی غلاموں اور چوروں کو کبھی مسلط نہیں ہونے دیں گے، جنہوں نے یہ کیا تو ہم انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریںگے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق ملنے تک جدوجہدجاری رہے گی،چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عابد شیر علی کا والد کہتا ہے کہ رانا ثناء اللہ قاتل ہے، قاتل رانا ثنا ء اللہ تم بھی مقابلے کیلئے تیار ہو جائو،پورے پاکستان سے قافلے نکلیں گے،حقیقی آزادی مارچ کیلئے جمعہ کے دن لاہور سے نکلوں گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جماعت کسی سرمائے اور جاگیر کی بنیاد پر نہیں بنی بلکہ ہم نے اپنے لیڈر کی ایمانداری کی بنیاد پر دو خاندانوں کی اجارہ داری کو منظم ہو کر توڑا،یہ بات واضح کردوں کہ یہ تحریک پی ٹی آئی کے اقتدار کیلئے نہیں چل رہی بلکہ ملک میں قانون کی بالادستی، آزادی صحافت اور ریاست مدینہ کیلئے چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28اکتوبر کو تحریک آزادی میں اپنا کردار اداکریں،سارے چہرے اپنی آنکھوں میں غصہ دیکھ لیں،ہم سب شہید ارشد شریف ہیں،ہمیں کوئی نہیں ڈراسکتا،ہمیں کلمہ طیبہ نے آزاد کیا ہے،ہمیں موت کا بھی کوئی خوف نہیں ہے۔جلسے کے دوران پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال نے چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ہمراہ دیگر پی ٹی آئی تنظیمی عہدیداران اور عوام سے حلف لیا۔
کوئی ڈرا نہیں سکتا‘موت کا کوئی خوف نہیں‘حماد اظہر
