یوکرین سے متعلق امریکہ کی روس کو وارننگ

America warning to russia 64

واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کو وارننگ دی ہے کہ وہ یوکرین میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے سے گریز کرے۔امریکی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا روس یوکرین میں جوہری ہتھیاراستعمال نہ کرے، اس سے جنگ کا منظر ہی تبدیل ہو جائے گا، امریکی صدر نے کہا روس نے ایسا کیا تو امریکا کا جواب نتیجہ خیز ہوگا۔ ٹی وی پروگرام کے میزبان نے بائیڈن سے سوال کیا کہ جیسے جیسے یوکرین میدان جنگ میں کامیاب ہو رہا ہے، ولادیمیر پیوٹن شرمندہ ہو رہے ہیں اور ایک کونے میں دبتے جا رہے ہیں، ایسے میں اگر وہ کیمیائی یا ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر غور کر رہے ہیں تو آپ انھیں کیا کہیں گے؟ امریکی صدر بائیڈن نے جواب دیا ایسا مت کرنا، ایسا مت کرنا، ایسا مت کرنا، ایسا کر کے تم دوسری جنگ عظیم کے بعد جنگ کا چہرہ ہی بدل دو گے۔ میزبان نے پوچھا کہ اگر پیوٹن نے یہ لکیر پار کر دی تو اس کے کیا عواقب ہوں گے؟ بائیڈن نے کہا اگر آپ سمجھتے ہیں کہ میں آپ کو یہ بتا دوں گا کہ اس کے نتائج کیا ہوں گے، تو یقینا ایسا نہیں ہے، میں نہیں بتاوں گا، ہاں یہ نتیجہ خیز ہوں گے۔ بائیڈن نے روسیوں کے حوالے سے کہا کہ وہ دنیا میں پہلے سے کہیں زیادہ اچھوت بن جائیں گے۔ واضح رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کی فوج کو روس کے خلاف مزاحمت کی رفتار برقرار رکھنے میں مدد کے لیے مزید 600 ملین ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں